اولیوائر کی 6 وکٹیں، جواب میں جنوبی
افریقن ٹیم پہلی اننگز میں مشکلات کا شکار، 5 وکٹوں پر 127 رنز بنا لئے، عامر اور
شاہین کی 2، 2 وکٹیں
سنچورین ۔ ( اخبارتازہ ترین۔
26 دسمبر2018ء) پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان سینچورین ٹیسٹ کے پہلے روز
بائولرز کا راج رہا، پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں 181 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی،
بابر اعظم کے سوا کوئی بھی کھلاڑی پروٹیز بائولرز کی تیندوتیز گیندوں کا ڈٹ کر
مقابلہ نہ کر سکا، بابر نے مشکل وقت میں انتہائی شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے
ہوئے 71 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر ٹیم کو مکمل تباہی سے بچایا جبکہ 6 کھلاڑی
دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے،
ڈونے اولیوائر نے 6 اور کگیسوربادا نے 3 کھلاڑیوں
کو آئوٹ کیا، جواب میں جنوبی افریقن ٹیم بھی پہلی اننگز میں مشکلات سے دوچار ہے،
شاہین شاہ آفریدی، محمد عامر اور حسن علی نے عمدہ لائن و لینتھ سے بائولنگ کرتے
ہوئے حریف ٹیم کی بیٹنگ لائن اپ کو لڑکھڑا دیا، پروٹیز نے پہلے روز کھیل ختم ہونے
تک 5 وکٹوں پر 127 رنز بنا لئے تھے اور اسے پاکستان کی پہلی اننگز کا سکور برابر
کرنے کیلئے مزید 54 رنز درکار ہیں، ٹیمبا باووما 38 اور ڈیل سٹین 13 رنز کے ساتھ
وکٹ پر موجود ہیں، محمد عامر اور شاہین شاہ آفریدی نے دو، دو جبکہ حسن علی نے ایک
وکٹ لی۔
بدھ کو سینچورین میں شروع ہونے والے
پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستانی ٹیم کے قائد سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا
فیصلہ کیا تو شاہینوں کا آغاز انتہائی مایوس کن تھا اور دوسرے ہی اوور میں اسے
امام الحق کا نقصان اٹھانا پڑا جو بغیر کوئی رن بنائے ربادا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو
ہوئے، فخر زمان بھی وکٹ پر نہ جم سکے اور 12 رنز بنا کر ڈیل سٹین کی گیند پر کیچ
آئوٹ ہو گئے،
شان مسعود نے اظہر علی کے ساتھ مل کر ٹیم کو سہارا دینے کی کوشش کی
لیکن 54 کے سکور پر اولیوائر نے مسعود کو آئوٹ کر دیا، وہ 19 رنز بنا سکے، اسد شفیق
کا بلا نہ چلا اور 7 رنز بنا کر چلتے بنے، 86 کے مجموعی سکور پر پاکستان کو یکے
بعد دیگرے اظہر علی اور کپتان سرفراز احمد کا نقصان اٹھانا پڑا، اظہر علی 36 اور
سرفراز بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوئے، دونوں بلے بازوں کو اولیوائر نے نشانہ بنایا،
محمد عامر ایک رن بنا کر بولڈ ہوئے، یاسرشاہ 4 رنز بنا سکے، 111 رنز پر 8 وکٹیں
گرنے کے بعد حسن علی نے بابر اعظم کا ساتھ دیا، دونوں کھلاڑیوں نے مشکل وقت میں 67
اہم رنز جوڑ کر ٹیم کو مکمل تباہی سے بچایا، 178 کے سکور پر پاکستان کی آخری امید
بھی دم توڑ گئی جب بابر اعظم 71 رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے کے بعد ربادا کی گیند پر
کیچ آئوٹ ہوئے، 181 کے سکور پر پاکستان کی آخری وکٹ گری جب شاہین شاہ آفریدی بغیر
کوئی رن بنائے آئوٹ ہوئے، حسن علی 21 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، ڈونے اولیوائر نے
6، ربادا نے 3 اور سٹین نے ایک وکٹ لی۔
جواب میں جنوبی افریقن ٹیم جب میدان میں
اتری تو اس کا آغاز بھی کچھ زیادہ اچھا نہ تھا اور 19 کے سکور پر حسن علی نے ایڈن
مرکرم کو آئوٹ کر کے ٹیم کو پہلی کامیابی دلائی، انہوں نے 12 رنز بنائے، 43 کے
مجموعی سکور پر عامر نے ہاشم آملہ جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے ڈین ایلگر اور کپتان
فاف ڈوپلیسی کو آئوٹ کر کے حریف ٹیم کو دبائو میں ڈال دیا، ہاشم آملہ 8، ڈین ایلگر
22 اور ڈوپلیسی بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوئے، اس موقع پر تھیونس ڈی بروئن اور ٹیمبا
باووما نے ٹیم کو سہارا دیا، دونوں بلے بازوں نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 69 قیمتی
رنز جوڑ کر سکور 112 تک پہنچا دیا،
یہاں پر عامر نے تھیونس کو آئوٹ کر کے اہم
پارٹنرشپ توڑ دی، انہوں نے 29 رنز بنائے، اس کے بعد باووما اور نائٹ واچ مین ڈیل
سٹین نے مزید کوئی نقصان نہ ہونے دیا، اسطرح پہلے روز جب کھیل ختم ہوا تو جنوبی
افریقہ نے 5 وکٹوں پر 127 رنز بنا لئے تھے اور اسے پاکستان کی پہلی اننگز کا سکور
برابر کرنے کیلئے مزید 54 رنز کی ضرورت ہے، باووما 38 اور سٹین 13 رنز پر کھیل رہے
ہیں، عامر اور شاہین نے دو، دو جبکہ حسن علی نے ایک وکٹ لی۔
0 Comments