ہل میٹل کیس میں نواز شریف سوفیصد جیل جائیں گے ، یہی اصول دوسرے سیاسی لیڈروں پر بھی لاگوہوگا :فواد چودھری کا اٹھارویں ترمیم کو نہ چھیڑنےکا اعلان
![]() |
ہل میٹل کیس میں نواز شریف سوفیصد جیل جائیں گے ، یہی اصول دوسرے سیاسی لیڈروں پر بھی لاگوہوگا :فواد چودھری کا اٹھارویں ترمیم کو نہ چھیڑنےکا اعلان
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہاہے کہ نواز شریف ہل میٹل کیس میں سو فیصد جیل جائیں گے ، ہم اٹھارویں ترمیم پر حملہ نہیں کریں گے لیکن جن چیزوں پر اتفاق رائے ہے اس پر حکومت اور اپوزیشن میں بات چیت ہوسکتی ہے ،جب تک تمام جماعتوں کا اتفاق نہیں ہوتا اٹھارویں ترمیم میں تبدیلی نہیں ہوسکتی ۔
جیونیوز کے پر وگرام ”کیپٹل ٹاک “ میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہاہے کہ اٹھارویں ترمیم میں کچھ چیزیں بہت اچھی ہیں اور کچھ اچھی نہیں ہیں، بری چیزوں میں یہ بات شامل ہے کہ ہائر ایجوکیشن ، ہیلتھ کی پالیسی کوصوبوں کے سپرد کردیا گیاہے جس سے ان شعبوں میں تنزلی ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم اٹھارویں ترمیم پر حملہ نہیں کریں گے لیکن جن چیزوں پر اتفاق رائے ہے اس پر حکومت اور اپوزیشن میں بات چیت ہوسکتی ہے ،جب تک تمام جماعتوں کا اتفاق نہیں ہوتا اٹھارویں ترمیم میں تبدیلی نہیں ہوسکتی۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف دوبارہ گرفتار ہونیوالے ہیں اور یہ اصول دیگر سیاسی لیڈر وں پر بھی لاگو ہوگا ۔ اب نواز شریف ہل میٹل کیس میں سوفیصد دوبارہ جیل جائیں گے اور اس میں کوئی شک نہیں ہے کیو نکہ شواہد سامنے ہیں، نوازشریف دبئی کی کمپنی کے سی ای او ہیں،کمپنی سے پیسے پہلے ہل میٹل پھر ڈرائیور اور گارڈ کودیئے جاتے ہیں اور وہاں سے مریم نواز کے اکاﺅنٹ میں چلے جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے پاکستان میں گہرے معاشی فوائد ہیں، نوازشریف مشرف کے ساتھ 10سال کا معاہد ہ کرکے باہر گئے تھے ۔ان کا کہناتھا کہ مسلم لیگ ن نے سرکاری اداروں کوتباہ کردیاہے ، ملک میں مہنگائی کی وجہ سمجھ نہیں آتی ، سابق دورحکومت سے پٹرول اور ڈیزل سستاہے ، گیس اور بجلی کی قیمت میں بھی غریبوں کے لئے کوئی اضافہ نہیں ہوا البتہ سرینا ہوٹل میں کھانا کھانے والوں کیلئے قیمتوں میں اضافہ ہواہے ، اگر نان اور روٹی کی قیمتوں میں اضافہ ہواہے تو یہ صوبائی حکومتوں کی خامی ہے ،اس میں اضافہ نہیں ہوناچاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مہنگائی کو روکنے کیلئے اقدامات کرے گی اور مہنگائی کی وجہ یہ ہے کہ مارکیٹ کمیٹیوں اور بیورو کریسی میں ن لیگ بیٹھی ہوئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر شاہد مسعود کی گرفتاری اور کیس کے حوالے سے حکومت کا کوئی تعلق نہیں ہے ، یہ پرانے کیسز ہیں اورپہلے سے چل رہے ہیں۔
|

0 Comments