![]() |
ن لیگ کا بڑا فیصلہ:مریم نوازکاحلقہ تبدیل کردیا گیا
عام انتخابات کیلئے پنجاب سے امیدواروں کی اعلان کردہ فہرست میں ن لیگ کی جانب سے بڑا فیصلہ سامنے آگیا۔ آخری لمحات میں مریم نوازکا حلقہ تبدیل کردیا گیا۔
مریم نواز اب این اے ایک سو ستائیس کے بجائے حلقہ ایک سوپچیس اور صوبائی اسمبلی کی نشست پی پی 173 سے اپنا پہلا انتخاب لڑیں گی۔
مسلم لیگ ن نے نئی حکمت عملی کے تحت مریم نواز کو این اے 125 مزنگ کے علاقے سے انتخابی میدان میں اتارا ہے ۔ سپریم کورٹ کی جانب سے 28 جولائی 2017 کو پاناما کیس کے فیصلے میں نواز شریف کی نااہلی کے بعد مریم اسی حلقے سے اپنی والدہ کی انتخابی مہم بھی چلاتی رہی ہیں۔
بیگم کلثوم نواز نے نواز شریف کی خالی ہونے والی نشست پر ضمنی انتخاب میں ڈاکٹریاسمین راشد کے مقابلے میں اس حلقے سے کامیابی بھی حاصل کی لیکن کینسر کے باعث لندن میں زیرعلاج ہونے کی وجہ سے حلف نہیں اٹھا سکیں۔
اس سے قبل ن لیگ کے پارلیمانی بورڈ نے مریم نواز شریف کو این اے 127 لاہورکیلئے پارٹی ٹکٹ جاری کیا تھا جس میں ان کے مقابلہ پاکستان تحریک انصاف کے جمشید چیمہ سے ہونا تھا جبکہ کل تک این اے 125 سے پی ٹی آئی کی یاسمین راشد سے مقابلے کیلئے بھی کسی امیدوار کا نام سامنے نہیں لایا گیا تھا۔
این اے 125 کے لیے ن لیگ کی جانب سے بلال یاسین اور پرویز ملک کا نام مضبوط امیدواروں کے طور پر سامنے آرہا تھا۔
مریم اور یاسمین راشد کے درمیان مقابلے پر حلقے کے عوام نے نمائندہ سما کی جانب سے موقف جاننے پر ملا جلا ردعمل دیکھنے میں آیا۔
ایک شہری نے کہا کہ مریم نواز باآسانی کامیابی حاصل کرلیں گی۔ 35 سے یہ حلقہ ن لیگ کا گڑھ ہے اور انہوں نے ترقیاتی کاموں کے باعث ہمیشہ کامیابی حاصل کی۔
ایک اور شہری کا کہنا تھا کہ حلقے میں ترقیاتی کام بالکل بھی نہیں ہوئے، ماڈل روڈ کا بورڈ لگا دیا گیا لیکن سڑک پر جابجا گڑھوں کے باعث موٹرسائیکل سواروں کا گزرنا بھی دشوارہے۔
واضح رہے کہ مسلم لیگ ن نے پنجاب کی 141 نشستوں میں سے 116 نشستوں پر امیدواروں کا اعلان کیا ہے
|

0 Comments