بھارتی پائلٹ ابھینندن کی میڈیکل رپورٹ جاری، پسلی اور ریڑھ کی ہڈی پر چوٹ کی نشاندہی


بھارتی پائلٹ ابھینندن کی میڈیکل رپورٹ جاری، پسلی اور ریڑھ کی ہڈی پر چوٹ کی نشاندہی
بھارتی پائلٹ ابھینندن کی میڈیکل رپورٹ جاری، پسلی اور ریڑھ کی ہڈی پر چوٹ کی نشاندہی
نئی دہلی (۔ 03 مارچ 2019ء) : بھارتی پائلٹ ونگ کمانڈر ابھینندن کے بھارت میں کیے جانے والے ٹیسٹ اور ایم آر آئی کی رپورٹ سامنے آگئی ہے جس میں کوئی مشکوک پہلو نظر نہیں آیا۔ میڈیکل رپورٹ کے مطابق ابھینندن کی ریڑھ کی ہڈی کے نچلے حصے پر چوٹ آئی جو ممکنہ طور پر طیارے سے چھلانگ لگانے کے دوران لگی۔ طیارہ تباہ ہونے کےبعد ابھینندن آزاد کشمیر کے علاقہ میں گرا جہاں مقامی افراد نے بھارتی پائلٹ کو تشدد کا نشانہ بنایا، میڈیکل رپورٹ کے مطابق ابھینندن کی پسلی پر بھی چوٹ آئی جس کی وجہ مشتعل ہجوم کی جانب سے کیا گیا تشدد تھا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ابھینندن کے ابھی مزید ٹیسٹ اور طبی معائنے ہوں گے۔ بھارتی پائلٹ کے مزید ٹیسٹ بھی دہلی کے آرمی اسپتال ریسرچ اینڈ ریفرل سینٹر میں ہوں گے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل یہ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ بھارتی پائلٹ ابھینندن بھارت جانے کے باوجود اپنے بیان پر قائم رہا اور اعتراف کیا کہ پاک فوج کی جانب سے اسے کسی قسم کے تشدد کا نشانہ نہیں بنایا گیا۔

جس کی تصدیق ابھینندن کی میڈیکل رپورٹ سے بھی ہو گئی ہے جس میں شک کے لائق کوئی پہلو نہیں ہے۔ لیکن بھارتی پائلٹ ابھینندن کو ان کا اپنا ملک اوراس کے حکام اب شک کی نگاہ سے دیکھ رہے ہیں۔ بھارتی پائلٹ ابھی نندن کے بارے میں بھارتی خفیہ ایجنسیوں کو شک ہے کہ انہوں نے پاک فوج کے افسروں کے دباؤ میں آکر بھارتی افواج سے متعلق کہیں اہم راز نہ اُگل دئیے ہوں۔
یہی وجہ ہے کہ بھارتی پائلٹ ابھی نندن اس وقت بھارتی خفیہ ایجنسیوں کی حراست میں ہے اور ان سے جواب طلبی کی جا رہی ہے کہ اس نے پاک فوج کے حق میں کیوں ویڈیو بیانات ریکارڈ کروائے؟ یاد رہے کہ جمعہ کے روز بھارتی پائلٹ ابھینندن کو پاکستان نے جذبہ خیر سگالی کے تحت واہگہ بارڈر پر بھارت کے حوالے کر دیا تھا۔ یاد رہے کہ مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں 14 فروری کو ایک کار خود کش دھماکے میں 40 بھارتی فوجی ہلاک ہوئے تھے جس کا الزام بھارت نے براہ راست پاکستان پر عائد کیا تھا۔
پلوامہ واقعے کے بعد صورتحال کشیدہ ہوئی اور 26 فروری کی رات بھارتی فضائیہ نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی جس پر پاک فضائیہ کی بروقت جوابی کارروائی پر بھارتی طیارے بالاکوٹ کے قریب نصب ہتھیار پھینکتے ہوئے بھاگ نکلے تھے۔ جس کے بعد بدھ کی صبح 27 فروری کو پاک فضائیہ نے بھارت کو سرپرائز دیتے ہوئے بھارت کے دو طیارے مار گرائے جبکہ ایک بھارتی پائلٹ کو بھی گرفتار کر لیا گیا تھا۔
پاک فوج نے ابھی نندن کو مشتعل ہجوم سے بچایا اور حراست میں لے لیا تھا۔ بھارتی پائلٹ ونگ کمانڈر ابھی نندن کی گرفتاری کے بعد سے بھارتی میڈیا میں یہ چرچا تھا کہ پاکستان اب پائلٹ کی رہائی کے لیے بھارت کے سامنے شرائط رکھے گا ، بھارتی حکومت نے مؤقف دیا کہ ہم کسی قسم کی شرائط ماننے کو تیار نہیں ہیں۔ لیکن جمعرات کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان عمران خان نے بھارتی پائلٹ کی رہائی کا اعلان کیا اور ساتھ ہی کہا کہ ہم بھارتی پائلٹ کو امن کے فروغ کے لہیے جذبہ خیر سگالی کے تحت رہا کر رہے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کے اس فیصلے کو نہ صرف پاکستان اور بھارت بلکہ عالمی سطح پر بھی خوب سراہا گیا تھا۔

Post a Comment

0 Comments