انگرام کا وَن مین شو


انگرام کا وَن مین شو
کولن انگرام میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے

پاکستان سپر لیگ سیزن 4 میں مختلف ٹیموں نے اب تک جو کارکردگی پیش کی تھی، اس کی بنیاد پر یہی کہا جا سکتا تھا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور کراچی کنگز کا مقابلہ دراصل ہاتھی اور چیونٹی کا ٹکراؤ ہے۔ کہاں تمام مقابلے جیتنے والا کوئٹہ اور کہاں پوائنٹس ٹیبل پر سب سے نیچے موجود کراچی؟




ابھی کل ہی تو ہم نے ناقابلِ شکست اور شکست ہی کے قابل کراچی کی بات کی تھی۔ پھر 186 رنز کھانے کے بعد صرف 4 رنز پر کراچی کی 2 وکٹیں بھی تو گرگئی تھیں لیکن اس وقت کولن انگرام نے کھیلی پی ایس ایل تاریخ کی سب سے شاندار اننگز۔ 12 چوکوں اور 8 چھکوں کی مدد سے صرف 59 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 127 رنز بنائے اور ایک کرارے چھکے کے ساتھ کراچی کو حیران کن کامیابی دلائی۔ ایک ایسی اننگز میں جہاں دوسرا کوئی بیٹسمین 20 رنز سے آگے نہیں بڑھ پایا، یہ جیت تنِ تنہا انگرام کی تھی۔




کولن انگرام میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے



یہ پاکستان سپر لیگ کی تاریخ کی سب سے بڑی اننگز تھی کہ جس کے دوران انگرام نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے شرجیل خان کی 117 رنز کی اننگز کا ریکارڈ توڑا جو انہوں نے پی ایس ایل 2016ء میں کھیلی تھی۔ لیکن نہ شرجیل کا تعلق پے در پے شکستیں کھانے والی کسی ٹیم سے تھا اور نہ ہی انہیں صرف 4 رنز پر 2 وکٹیں گرنے کے بعد ایک بہت بڑے ہدف کا سامنا تھا بلکہ شرجیل نے یہ اننگز پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بطورِ اوپنر بنائی اور اپنی ٹیم کی کامیابی کی بنیاد رکھی۔




اس کے مقابلے میں انگرام کی سنچری بڑی بھی ہے اور کہیں مشکل حالات میں بنائی گئی۔ کراچی کنگز مسلسل 3 میچز ہارنے کے بعد اس مقابلے کے لیے میدان میں اترے اور انہیں 187 رنز کے بہت بڑے ہدف کا سامنا تھا۔ تب پہلے ہی اوور میں ان فارم بیٹسمین بابر اعظم آؤٹ ہوجائیں اور اگلے ہی اوور میں کولن منرو جیسی وکٹ بھی گر جائے تو دباؤ آنا فطری امر تھا لیکن انگرام کسی کو خاطر میں نہیں لائے، نہ کسی دباؤ کو، نہ ہدف کو اور نہ ہی کسی حریف باؤلر کو۔





Post a Comment

0 Comments