بابر اعظم نے ویرات کوہلی کا ریکارڈ توڑ ڈالا
تیز ترین ہزار ٹی ٹونٹی رنز مکمل کرنے والے کھلاڑی بن گئے
BABAR AZAM |
دبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔4نومبر2018ء) قومی ٹی ٹونٹی ٹیم کے اوپنر بابر اعظم نےبھارتی کپتان ویرات کوہلی کا تیز ترین ایک ہزار ٹی ٹونٹی رنز مکمل کرنے کا ریکارڈ توڑ ڈالا ہے ۔ 24سالہ بابر اعظم نے نیوزی لینڈ کیخلاف تیسرے ٹی ٹونٹی میں اپنا48واں رن مکمل کرکے یہ کارنامہ سر انجام دیا ، ویرات کوہلی نے 27اننگز کھیل کر اپنے ایک ہزار ٹی ٹونٹی رنز مکمل کیے تھے تاہم اب یہ ریکارڈ بابر اعظم کے نام ہوچکا ہے ۔
اس سے قبل تین ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کے آخری میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ پاکستان کو نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں 2 میچز جیت کر فیصلہ کن برتری حاصل ہے اور آج شاہین کیویز کو وائٹ واش کرنے کا عزم لیے میدان میں اتریں گے۔
گرین شرٹس نے ٹیم میں دو تبدیلیاںکی ہیں اور شاہین آفریدی اور حسن علی کو آرام دیکر وقاص مقصود کو ڈیبیو کروانے کے ساتھ عثمان شنواری کو حتمی الیون میں شامل کیا گیا ہے۔ پاکستان نے 31 اکتوبر کو کھیلے گئے پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں دلچسپ مقابلے کے بعد کیویز کو 2 رنز سے شکست دی جب کہ دوسرے میچ میں بھیپاکستان نے نیوزی لینڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دی۔
کیویز کے خلاف سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کرنے کے بعد پاکستان نے مسلسل 11 ویں ٹی ٹونٹی سیریز اپنے نام کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔کپتان سرفراز احمد نے ٹیم کی اچھی کارکردگی کے لیے تمام کھلاڑیوں کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ وہ کیویز کو ٹی ٹونٹی سیریز میں وائٹ واش کردیں گے۔ بابر اعظم اور محمد حفیظ چھکے چھڑانے کی کوشش کریں گے، فخرزمان نے دوسرے ٹی ٹونٹی میں اچھا آغاز کیا تھا لیکن اننگز کو طول نہیں دے سکے،اس بار بھرپور فارم میں آنے کے خواہاں ہوں گے۔
ون ڈے سیریز سے قبل شعیب ملک ایک بڑی اننگز کھیل کر اپنے بیٹ پر جمی گرد جھاڑنے کیلئے کوشاں ہوں گے، ون ڈے سیریز سے قبل کم از کم ایک فتح کے ساتھ اعتماد کی بحالی کے سفر میں مہمان ٹیم کی امیدوں کا مرکز جارح مزاج کولن منرو ہوں گے، کورے اینڈرسن بھی چند اوورز میں ہی میچ کا نقشہ پلٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔کپتان کین ولیمسن بھی دفاعی خول سے باہر نکلنے کی کوشش کریں گے، پیس بیٹری میں ٹم ساﺅتھی کا تجربہ میزبان ٹیم کے کام آسکتا ہے، کیویز نے پنچ پاور آزمانے کا فیصلہ کیا تو لوکی فرگوسن اور سیتھ رینس کو موقع دیا جاسکتا ہے۔
دبئی کی کنڈیشنز میں ٹاس جیتنے والی ٹیم پہلے بیٹنگ کو ترجیح دے گی لیکن امید ہے کہ پر اعتماد گرین شرٹس ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے بھی کسی گھبراہٹ کا شکار نہیں ہوں گے۔یاد رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز کے بعد تین ون ڈے اور تین ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز بھی متحدہ عرب امارات میں ہونی ہے۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین ٹی ٹونٹی میچز پر مشتمل سیریز کا آخری میچ آج رات 9 بجے دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائےگا۔
0 Comments